کاروار:7؍جنوری (ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے دیولمکی گرام پنچایت حدود کے برگل مضاف کے کول مکی میں دو بجلی تاروں کی رگڑ سے سلگی آگ سے گھاس کا ذخیرہ جل کر خاکستر ہونے کا واقعہ پیش آیاہے۔
برگل مضاف کے چار کسان اپنی دھان کی فصل کٹائی کے بعد بچنے والے چارے کو ایک ہی جگہ پرذخیرہ کر رکھا تھا۔ دوپہر میں چلی ہوا سے دو بجلی کے تاروں کی رگڑ سے بھڑکی چنگاری سوکھے چارے سے سلگتی ہوئی بھیانک آگ میں منتقل ہوگئی جس کے نتیجےمیں لاکھوں روپئے کانقصان ہونے کی بات کہی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ چند برس پہلے بھی ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا۔ لیکن اُس وقت ہیسکام افسران نے جائے وقوع کا معائنہ کرنےکے سوا کچھ نہیں کیا۔ نہ کسانوں کو معاوضہ ملا اور نہ اس تعلق سے کوئی کارروائی ہوئی۔ لوگوں نے بتایا کہ برگل مضاف میں گزشتہ برس برسی بھاری برسات سے دھان کی فصل کو کافی نقصان پہنچا تھا۔
کسان وشرام دتو گنگی نے اپنا دکھڑا سناتےہوئے کہاکہ معاشی مشکلات کے چلتے کسانوں نے قرضہ لےکر کھیتی باڑی کی تھی، اب لاکھوں روپئے کا چارہ جل کر بھسم ہوجانے سے مزید کنگال ہوگئےہیں۔ کسان اس طرح کا چارہ اپنے جانوروں کے لئے جمع رکھتے ہیں۔ اب جل جانے سے کسانوں کوچارہ رقم دے کر خریدنا پڑیگا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اب جو کچھ نقصان ہواہے اس کا ہیسکام معاوضہ اداکرے۔اورہیسکام ڈھنگ سےانتظام کریں تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثے نہ ہوں۔